کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنماء چوہدری منظور نے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری سے درخواست کی کہ وہ عمران خان کو مشورہ دیں کہ وہ سیاسی تنقید کریں کسی کی کردار کشی کرنے سے اجتناب کریں۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں دلچسپ مرحلہ اُس وقت آیا جب چوہدری منظور نے عمران خان کی تقاریر پر تبصرہ کرتے ہوئے فواد چوہدری کو مشورہ دیا کہ وہ چیئرمین تحریک انصاف کو مشورہ دیں خطاب کرتے ہوئے سوچ سمجھ کر الفاظ ادا کریں۔
چوہدری منظور نے کہا کہ عمران خان کو سیاسی تنقید کرنی چاہیے وہ ہر کسی لیڈر کی کردار کشی کرتے ہیں جو اچھی روایت نہیں ہے۔
فواد چوہدری نے پی پی رہنماء کی بات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان غصے میں آکر بیان دیتے ہیں جو انہیں نہیں کرنا چاہیے مگر پی پی قیادت کو بھی بلاول کو سمجھانا چاہیے کہ وہ اپنے سے بڑی عمر کے سیاستدانوں پر تنقید کرتے وقت اچھے الفاظ کا چناؤ کرے۔
ویڈیو دیکھیں
بعد ازاں دونوں رہنماؤں کی تکرار چلتی رہی جس کے دوران چوہدری منظور نے تحریک انصاف کے ترجمان سے سوال کیا کہ عمران خان اور جہانگیر ترین کرپٹ لوگ ہیں، چیئر مین پی ٹی آئی کے اخراجات کیسے چلتے ہیں۔
چوہدری منظور کی باتیں سننے کے بعد فواد چوہدری نے مطالبہ کیا کہ پی پی رہنماء نے بنیاد الزامات لگانے پر معافی مانگیں۔