لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما نفیسہ شاہ نے پی ٹی آئی حکومت کے رویے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے 30 دن میں 50 یو ٹرن لیے ہیں، دیکھتے ہیں کون بد نام ہوتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار وہ اے آر وائی کے پروگرام الیونتھ آور میں کر رہی تھیں، انھوں نے کہا ’عمران خان 20 کروڑ عوام کے وزیرِ اعظم ہیں، تمام ذمہ داری ان پر ہے۔‘
نفیسہ شاہ نے افغان اور بنگالی شہریوں کے معاملے پر کہا کہ کراچی میں بنگالیوں اور افغانیوں سے متعلق بات کی جاتی ہے، ان کو شہریت دینے کی باتیں کی جاتی ہیں لیکن خیبر پختونخوا میں حکومت افغان شہریوں کو گرفتار کر رہی ہے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما نے وزیرِ اعظم کی رہائش کے معاملے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان ملٹری سیکریٹری کے گھر میں رہ رہے ہیں، کیا ملٹری سیکریٹری کے گھر والے نہیں ہیں، عمران خان کو چاہیے تھا کہ ملٹری سیکریٹری کے گھر کو وزیرِ اعظم ہاؤس ڈکلیئر کریں۔
یہ بھی پڑھیں: افغان یا بنگالی مہاجرین کوزبردستی واپس نہیں بھیج سکتے‘ وزیراعظم
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی اجلاس میں وزیرِ اعظم عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بنگالی مہاجرین کے یہاں پیدا ہونے والے بچوں کو شہریت ملنی چاہیے، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ اعلان صرف کراچی سے متعلق تھا۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ افغان یا بنگالی مہاجرین کو زبردستی واپس نہیں بھیج سکتے، یاد رہے کہ 16 ستمبر کو کراچی میں وزیرِ اعظم نے کہا تھا کہ ان کی حکومت افغان اور بنگلہ دیشی مہاجرین کو پاکستانی شہریت دینے کے معاملے پرغور کررہی ہے۔