اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کارکنوں کی ہنگامہ آرائی پر پولیس تشدد کے خلاف رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم قانون پر یقین رکھنے والے لوگ ہیں لیکن تنگ کیا گیا تو دما دم مست قلندر ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق جیالوں پر پولیس کی جانب سے واٹر کینن کے استعمال اور گرفتاریوں پر سابق وزیر اعظم اور پی پی رہنما راجہ پرویز اشرف نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پر امن اور قانون پر یقین رکھنے والے لوگ ہیں، لیکن کارکنوں کو تنگ کیا گیا تو دما دم مست قلندر ہوگا۔
سینیٹر شیری رحمان نے بھی کہا ہے کہ تبدیلی والے ایک نہتے لڑکے سے ڈرتے ہیں، کارکنان کو گرفتار اور سخت گرمی میں تشدد کیا گیا۔
شیری رحمان نے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ نیب دفتر جاتے ہوئے کارکنوں پر شیلنگ کی گئی اور واٹر کینن کا استعمال کیا گیا، ہمارے ورکرز کو گرفتار اور سخت گرمی میں تشدد کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد بند کر دیا گیا ہے، یہ لاٹھی گولی کی سرکار کس سے ڈرا رہے ہیں؟ تمام کوششوں کے با وجود یہ کسی کو روک نہیں سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: قانون ہاتھ میں لیں گے تو قانون حرکت میں آئے گا: فیصل جاوید کا جیالوں کی ہنگامہ آرائی پر رد عمل
پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی کارکنوں کی گرفتاریاں نا قابل برداشت ہیں، رکن قومی اسمبلی شازیہ ثوبیہ اور مسرت مہیسر کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ کارکنوں پر لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی، پولیس نے خواتین پارلیمنٹرینز اور کارکنان پر بھی تشدد کیا۔
پی پی رہنما چوہدری منظور نے بھی کہا کہ جیالوں کو روکنا بزدلانہ کارروائی ہے، حکومت بلاول بھٹو کی للکار سے گھبرا چکی ہے۔