کراچی : پیپلزپارٹی کو اپنے گڑھ لیاری میں بلدیاتی انتخابات کے دوران کوئی امیدوار نہیں مل سکا، پیپلزپارٹی کو بلدیاتی انتخابات کے لئے ٹکٹ دینے کے لئے کوئی جیالا نہیں ملا اور چیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلر اور یونین کمیٹی کے لئے آزاد امیدوار میدان میں آئے ہیں۔
جن نشستوں پر پیپلزپارٹی کے امیدوار سامنے آئے ہیں ان پر مخالف جماعتوں کے ساتھ سخت مقابلے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔
پیپلزپارٹی کو لیاری سے سات یونین کمیٹی پر چیئرمین اور وائس چیئرمین کا کوئی امیدوار نہیں ملا جب کہ وارڈ کونسلر کی انتالیس نشستوں پر کوئی جیالا امیدوار میدان میں نہیں اور یونین کمیٹی 6 موسی لین، یونین کمیٹی 5 کھڈہ میمن سوسائٹی، یونین کمیٹی 3 اور یو سی 4 نوا آباد سے پیپلزپارٹی کا کوئی امیدوار انتخابی دوڑ میں نہیں ہیں.
واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمن بلاول بھٹو زرداری نے چند روز قبل اپنے زیر صدارت بلدیاتی امیدواروں کا جائزہ لینے کیلئے بلاول ہاؤس کراچی میں منعقدہ اجلاس میں دعویٰ کیا تھا کہ لیاری پیپلز پارٹی کا قلعہ تھا، ہے اور رہے گا، اور بلدیاتی انتخابات میں اکثریت حاصل کرکے کراچی کو جیالا میئر دینگے.