دبئی : پیپلز پارٹی کے ایم پی اے علی نوازشاہ کی سزا پر سابق صدر آصف زرداری حکومت پر برس پڑے، انکا کہنا تھا کہ سندھ کےسیاستدانوں کیخلاف انتقامی کارروائی کی جارہی ہے، اس طرح کا سلوک برداشت نہیں۔
تفصیلات کرپشن کا الزام ثابت ہونے پر رکن سندھ اسمبلی علی نوازشاہ کی سزا پر آصف زرداری نے تحفظات کا اظہار کردیا ہے، سابق صدر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سندھ کے سیاستدانوں کیخلاف انتقامی کارروائی کی جارہی ہے، اس طرح کا سلوک برداشت نہیں،علی نوازسزا کاٹ چکے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ نیب کورٹ کی جانب سے سزاعدالتی کارروائی کا غلط استعمال ہے، پندرہ سال پہلے درج مقدمے پرموجودہ حکومت میں پانچ سال کی سزا سنائی گئی۔
دوسری جانب اپوزیشن لیڈر خورشیدشاہ اور وزیراعلیٰ سندھ نے سینٹرل جیل میں علی نوازشاہ سے ملاقات بھی کی، اس موقع پر صوبائی وزیرِسکندر میندھرو، اراکین اسمبلی بھی موجود تھے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز رکن سندھ اسمبلی علی نواز شاہ، اُن کے بھائی سابق سینیٹر خادم علی شاہ اور ساتھی امتیاز شاہ کو اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے مقدمے میں کراچی کی نیب عدالت میں پیش کیا گیا، ملزمان پر زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا الزام تھا۔ نیب عدالت نے الزام ثابت ہونے پر تینوں ملزمان کو تین سے پانچ سال قید کی سزا سنادی۔ پیپلز پارٹی کے تینوں رہنماﺅں کو جیل بھیج دیا گیا۔