کراچی : پاکستان تحریک انصاف کے بعد پیپلزپارٹی کے ایم پی اے نے تنخواہ، مراعات اور پروٹوکول نہ لینے کا اعلان کیا ہے، ہری رام کشوری لال کے پاس جیل خانہ جات،سماجی بہبود،اقلیتی امور کا قلمدان ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے ہندو ایم پی اے بھی عمران خان سے متاثر نکلے ، ہری رام کشوری لال نے تنخواہ، مراعات اور پروٹوکول نہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے دولت عوام ہیں، پروٹوکول نہیں رکھوں گا۔
ہری رام کشوری لال پی ایس47 میرپور خاص سے منتخب ہوئے اور ان کے پاس جیل خانہ جات، سماجی بہبود، اقلیتی امور کا قلمدان ہیں۔
یاد رہے 19 اگست کو سندھ کی نئی کابینہ کے 8 ارکان نے حلف اٹھایا تھا ، جس میں سعید غنی، شہلا رضا ، سردار شاہ، اسماعیل راہو، محبوب زمان ، عذرا فضل پیچوہو اور ہری رام کشوری لال شامل تھے۔
مزید پڑھیں : سندھ کی نئی کابینہ کے 8 ارکان نے حلف اٹھا لیا
خیال رہے اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے 2 نو منتخب امیدوار تمام مراعات وتنخواہ نہ لینے کا اعلان کرچکے ہیں۔
واضح رہے کہ عمران خان نے کامیابی کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کہا تھا کہ وعدہ کرتا ہوں، عوام کےٹیکس کے پیسوں کی حفاظت کروں گا، عوام ٹیکس اس لیےنہیں دیتے، کیوں کہ وہ دیکھتےہیں کہ حکمران ان پیسوں سے عیاشی کرتے ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا کہ ہم اپنے سارے خرچے کم کریں گے، وزیراعظم ہاؤس کو ایجوکیشن سسٹم کے لئے دینا ہے یاہوٹل بنانا ہے، ہماری حکومت فیصلہ کرے گی، وزیراعظم ہاؤس کےذریعےکمایاگیا سارا پیسہ عوام پرخرچ کریں گے۔