کراچی : چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف ملازمین کا پورا ساتھ دینے کا اعلان کردیا اور کہا کسی ملازم کو بیروزگار نہیں ہونے دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی نجکاری کے معاملے پر پیپلز پارٹی ڈٹ گئی ، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے پی آئی اے کے وفد کی ملاقات ہوئی۔.
پی آئی اے ملازمین کے وفد نے صدر پیپلز یونٹی ہدایت اللہ خان کی قیادت میں ملاقات کی ، ملاقات میں پیپلز پارٹی اور پیپلز یونٹی کا نجکاری کیخلاف لائحہ تیار کیاگیا۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نون لیگ سے پی آئی اے کی ری سٹرکچرنگ پر بات کی نجکاری کی نہیں، دیگر سیاسی معاملات کی طرح نون لیگ پی آئی اے نجکاری کے معاملے پر بھی غلط بیانی کررہی ہے۔
چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ ہم پی آئی اے کی نجکاری کیخلاف ملازمین کا پورا ساتھ دیں گے ، پی آئی اے کے کسی ملازم کو بیروزگار نہیں ہونے دیں گے۔