اسلام آباد: لندن میں پاکستان پیپلز پارٹی اور ن لیگی رہنماؤں کی آج تیسری ملاقات متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن میں پہلی دو ملاقاتوں میں الیکٹورل الائنس اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر متضاد آرا سامنے آئی تھیں، اب دونوں پارٹیوں کے رہنما تیسری ملاقات کرنے جا رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ قمر زمان کائرہ اور شیری رحمان لیگی رہنما اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے، جس میں ای وی ایم، اوورسیز پاکستانیوں کے ووٹ، اور نیب قوانین میں ترامیم کے ڈرافٹ تیار ہوں گے، دونوں جماعتیں اپنے مجوزہ بلز پر مشاورت کے بعد مشترکہ بل تیار کریں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر پنجاب کا عہدہ پیپلز پارٹی کو دینے پر ن لیگ کے تحفظات برقرار ہیں، جب کہ پی پی رہنما کا کہنا ہے کہ ن لیگ چیئرمین سینیٹ کے لیے حامی بھرے تو باقی کے ووٹ کا بندوبست کر لیں گے۔
دوسری طرف صدر کے عہدے کے لیے جے یو آئی اور پیپلز پارٹی میں مقابلہ پڑ گیا ہے، فضل الرحمان کے بھائی ضیا الرحمان نے بھی اہم عہدے کے لیے نواز شریف سے ملاقات کی ہے۔
لیگی قیادت کا کہنا ہے کہ صدر مملکت کے عہدے کے لیے دو تہائی اکثریت درکار ہے، اس لیےاس پر انتخابات کے وقت بات کی جائے گی۔