حیدر آباد : حیدرآباد میں پیپلز پارٹی کے جلسے کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ، بلاول بھٹو جلسے سے خطاب کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی حیدرآباد میں آج عوامی قوت کا مظاہرہ کرے گی، بلاول بھٹو سمیت اعلیٰ قیادت جلسے سے خطاب کرے گی۔
سینئر وزیر شرجیل میمن نے رات گئے جلسہ گاہ کا دورہ کیا، جہاں سو فِٹ لمبا اسٹیج تیار کیا گیا ہے اور ستر ہزار سے زائد کرسیاں لگائی گئی ہیں جبکہ خواتین کیلئے الگ انٹری پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔
پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو بھی جلسہ گاہ پہنچے اور میڈیا کو بریفنگ دی، شہر میں جیالوں نے ریلیاں بھی نکالیں۔
یاد رہے 4 اپریل کو پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے وزیر اعظم شہباز شریف سے دریائے سندھ پر متنازع نہر منصوبے کو واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔
مزید پڑھیں : پیپلزپارٹی کے انٹرا پارٹی انتخابات، بلاول بھٹو چیئرمین منتخب
جمعہ کو گڑھی خدا بخش میں سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی 46 ویں برسی کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ اگر عوام ان نہروں کی مخالفت کرتے ہیں تو ان کی جماعت حکومت کے ساتھ نہیں بلکہ ان کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
پی پی پی رہنما نے کہا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف، یہ صرف ہمارا نہیں عوام کا مطالبہ ہے، اگر ہم نے بھائی بن کر متحد رہنا ہے تو اس منصوبے کو واپس لینا ہوگا۔