کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے یومِ تاسیس کے سلسلے میں ریلی نکالی ہے جس میں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی 30 نومبر کو اپنا اڑتالیس واں یومِ تاسیس منائے گی جس کی تقریبات آج ہی سے شروع ہوگئیں ہیں اوراسی سلسلے میں کراچی سے ریلی نکالی گئی۔
پیپلزپارٹی کی ریلی کی قیادت شیری رحمان سمیت دیگرسینئررہنما کررہے ہیں۔
ریلی کا آغاز پیپلز پارٹی کے سیاسی مرکز بلاول ہاوٗس سے ہوا ہے جو کہ کیماڑی سے ہوتی ہوئی سپارکو چورنگی پر اختتام پذیرہوگی۔
ریلی میں کارکنان کی بڑی تعداد شریک ہے اوران کا جوش خروش دیدنی ہے ، پارٹی پرچم اٹھائے کارکنان قائدین کی قیادت میں سپارکو چورنگی کی جانب رواں دواں ہیں۔
پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما شیری رحمان نے ریلی کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ریلی بلدیاتی انتخابات کی تشہیری مہم نہیں بلکہ یومِ تاسیس کے سلسلے میں نکالی جارہی ہے۔
شیری رحمان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے کبھی دہشتگردوں سے اتحاد نہیں کیا، بلاول بھٹو کی قیادت میں جمہوریت کا علم لے کر چل رہے ہیں۔
انہوں نے نام لئے بغیر تحریک انصاف کے لیاری میں ہونے والے جلسے میں حاضرین کی تعداد پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لیاری کے عوام نے آج اپنا فیصلہ سنادیا ہے، لیاری دوبارہ پیپلز پارٹی کا گڑھ بنے گا۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ پیپلزپارٹی یومِ تاسیس کے سلسلے میں کل بھی کراچی میں ریلی نکالے گی۔