لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ بیساکھیوں کے سہارے سیاست کرنے والے بہت جلد اپنا انجام دیکھیں گے، دوسروں پر الزام لگانے والے پہلے اپنی پارٹی فنڈ کا حساب دیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے عمران خان کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے کیا، مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ دوسروں پر الزامات لگانے والے پہلے اپنا احتساب کریں، تحریک انصاف میں پارٹی فنڈ کے بعد ٹکٹوں کی فروخت کا اسکینڈل بھی ان کا منتظر ہے۔
رہنما پی پی نے تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بیساکھیوں کے سہارے سیاست نہیں ہوتی، جو ایسی سیاست کر رہے ہیں وہ جلد اپنے انجام تک پہنچیں گے۔
بھٹو کے نام پر سندھ میں لوگوں کا قتل عام ہورہا ہے، عمران خان
مولا بخش چانڈیو کا مزید کہنا تھا کہ بلاول بھٹو جدوجہد اور قربانیوں کی شاندار تاریخ کا تسلسل ہیں، بلاول بھٹو کراچی سے خیبر تک سڑک پر سفر کر کےعوام میں گئے۔
خیال رہے کہ آج چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے جیکب آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے آصف زرداری سمیت پیپلز پارٹی پر خوب تنقید کی تھی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ بھٹو کے نام پر سندھ میں لوگوں کا قتل عام ہورہا ہے، آصف زرداری اور ان کی بہن نے بھٹو کے نام پر سندھ کو لوٹا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ سندھ سب سے امیر صوبہ بن سکتا ہے، سندھ کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے، سندھ کا پیسہ آصف زرداری ان کے وزیر چوری کرکے باہر لے کر جارہے ہیں۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔