کراچی: وفاق کی جانب سے سندھ کے اسپتالوں کا انتظام سنبھالنے سے متعلق نوٹی فیکیشن پر پیپلز پارٹی نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے اپنے بیان میں وفاقی حکومت کو سندھ کے اسپتالوں سے متعلق نوٹیفکیشن کو 18ویں ترمیم پرحملہ قرار دیا اور اسے فوری واپس لینے کا مطالبہ کیا۔
نیئر بخاری کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کا نوٹیفکیشن غیر آئینی اور صوبائی معاملات میں براہ راست مداخلت ہے، وفاقی حکومت کی جانب سے صوبوں کےحقوق پر ڈاکہ کسی صورت قبول نہیں کریں گے، ان کا کہنا تھا کہ اٹھارہویں ترمیم کو بچانے کے لیے پیپلزپارٹی کو جس حد تک جانا ہوا جائیں گے۔واضح رہے کہ گذشتہ روز وفاقی حکومت نے کراچی کےتین اور لاہور کےایک اسپتال کا انتظام سنبھالنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا، جس کے مطابق کراچی کا جےپی ایم سی، این آئی سی وی ڈی،این آئی سی ایچ وفاق کےماتحت ہوگا جبکہ لاہور کا شیخ زید پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ بھی وفاق کے ماتحت ہوگا۔
مذکورہ فیصلہ ایم ٹی آئی آرڈیننس 2020کے تحت کیا گیا، سپریم کورٹ نےکراچی کےتینوں اسپتال وفاق سپردکرنےکاحکم دیاتھا۔
نوٹی فکیشن سے قبل بھی جے پی ایم سی وفاقی حکومت کےتحت چلایا جاتا تھا، مگر 18ویں ترمیم کےبعد یہ شعبہ صوبوں کے زیر انتظام چلا گیا، وفاق کو جے پی ایم سی کا انتظام سندھ کے حوالے کرنا پڑا تھا۔