بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

پیپلزپارٹی نے چیف الیکشن کمشنر کیلئے سابق اٹارنی جنرل پاکستان عرفان قادر کا نام تجویز کردیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : پیپلز پارٹی نے سابق اٹارنی جنرل پاکستان عرفان قادر کا نام تجویز کر دیا جبکہ ن لیگ نے بھی عرفان قادر کے نام کی حمایت کا عندیہ دے دیا ہے، چیف الیکشن کمیشن سردار رضا خان 6 دسمبر 2019کو ریٹائر ہوئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ، پاکستان پیپلز پارٹی نے چیف الیکشن کمشنر کے لئے سابق اٹارنی جنرل عرفان قادر کا نام تجویز کیا ہے اور اس سلسلے میں مسلم لیگ ن سے مشاورت کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی جانب عرفان قادر کی بطور امیدوار حمایت کا عندیہ دے دیا گیا ہے، جس کے بعد پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے مابین الیکشن کمیشن کے ارکان کیلئے ناموں پر بھی تقریبا اتفاق رائے ہو چکا ہے۔

خیال رہے چیف الیکشن کمیشن سردار رضا خان 6 دسمبر 2019کو ریٹائر ہوئے تھے اور ان کی جگہ جسٹس (ر) الطاف قریشی قائم مقام الیکشن کمشنر کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

یاد رہے چند روز قبل حکومت اور اپوزیشن نئے چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے معاملے میں مزید نئے نام لانے پر متفق ہوگئے تھےاور چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے معاملے پر اپوزیشن اور حکومت نے اپنے نام واپس لے لئے تھے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن دوبارہ نئے نام پارلیمانی کمیٹی کو ارسال کریں گے اور چیف الیکشن کمشنر کی تقرری سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آئندہ ہفتے متوقع ہے جبکہ حکومت نے چیف الیکشن کمشنر کےلئے نئے 8 ناموں کی فہرست تیار کر لی ہے۔

واضح رہے حکومت کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کیلئے تین نام بابریعقوب ، فضل عباس میکن اور عارف احمد خان تجویز کئے گئے تھے جبکہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی جانب سے وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں چیف الیکشن کمشنر کیلئے ناصر محمود کھوسہ ، جلیل عباس جیلانی ، اخلاق احمد تارڑ کے نام تجویز کئے گئے تھے لیکن حکومت اور اپوزیشن کے درمیان کسی نام پر اتفاق رائے نہیں ہو سکا تھا ۔

قواعد کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کی ریٹائرمنٹ کے45 روز کے اندر نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کرنا ضروری ہے اور چیف الیکشن کمشنر کے نام پر وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان اتفاق ضروری ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں