کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنماء چودھری منظور نے عمران خان کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی پی کے رہنماء عدالتی احکامات پر رہا ہوئے، آصف زرداری کے متحرک ہوتے ہی عمران خان کو اپنی سیاست ڈوبتی نظر آنے لگی، وہ انگلی ٹوٹ چکی جس کے اشارے پر کپتان اٹھتے بیٹھتے ہیں۔
تحریک انصاف کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے پی پی کے رہنما نے عمران خان کے بیان کو توہین عدالت قرار دیتے ہوئے کہا کہ شرجیل میمن، ایان علی اور ڈاکٹر عاصم کو عدالتی احکامات پر ضمانت دی گئی۔
چودھری منظور نے کہا کہ آصف زرداری کے متحرک ہوتے ہی عمران خان کو اپنی سیاست ڈوبتی نظر آنے لگی، آئندہ انتخابات میں عوام انگلی کے اشاروں پر چلنے والوں کو مسترد کردیں گے کیونکہ اشارے کرنے والی انگلی ٹوٹ چکی ہے۔
پڑھیں: ’’ ڈاکٹر عاصم کی ضمانت پی پی نواز ڈیل کے نیتجے میں ہوئی، عمران خان ‘‘
پی پی کے رہنما کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلوں کو عمران خان نے بہت آسانی سے ڈیل قرار دے دیا، جب کہ وہ یہ بھول گئے کہ ہر دور میں صرف پیپلزپارٹی کا احتساب ہوا تاہم ابھی عمران خان کا احتساب ہونا باقی ہے۔
پیپلزپارٹی کے رہنماء نے عمران خان پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ میں جوئے اور بال ٹیمپرنگ کرنے والے لوگوں نے سیاست میں لوٹا گردی کو فروغ دیا اس لیے وہ آج تک ناکام ہیں۔