کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ آج پیپلز پارٹی کو سرپرائز ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق حافظ نعیم الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر تمام ممبر آئیں گے تو ہمیں سو فی صد ووٹ ملیں گے، انشا اللہ جماعت اسلامی کا میئر بنے گا، میئر کراچی کے انتخاب میں پیپلز پارٹی کو سرپرائز ملے گا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا پی ٹی آئی کے چیئرمینوں کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، پیپلز پارٹی نے لوگوں کو غائب کیا ہے، دنیا کو معلوم ہے کہ لوگوں کو الگ کر کے رکھا ہوا ہے لیکن الیکشن کمیشن کو معلوم نہیں۔
حافظ نعیم نے کہا ہمیں سیٹیں زیادہ ملیں انھوں نے الیکشن کمیشن کو استعمال کیا، آج ہم 9 ٹاؤنز جیت چکے ہیں انھوں نے 4 ٹاؤنز پر قبضہ کر لیا، اشتہارات دینے کے لیے پیسہ بہت اور کام کرنے کے لیے پیسہ نہیں، کراچی کے لوگ پیپلز پارٹی کو پسند نہیں کرتے۔
انھوں نے کہا سندھ ہائیکورٹ نے گرفتار لوگوں کو سامنے لانے کے لیے آرڈرجاری کیے، اگر تمام ممبر آئیں گے تو ہمیں 100 فی صد ووٹ ملیں گے، پیپلز پارٹی سے کہتا ہوں جمہوریت، آئین اور قانون کو تسلیم کریں، لوگوں کو موقع دیں وہ اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں، کیوں زبردستی کی سیٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
حافظ نعیم نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کی اے ٹیم کا کردار ادا کر رہا ہے، لیکن آپ عوام کے جذبوں کو شکست نہیں دے سکتے۔