لاہور: جاتی امرا میں بلاول بھٹو اور مریم نواز کی ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں بجٹ کو منظوری سے روکنے پر اتفاق کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی دعوت پر چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری جاتی امرا پہنچے، ان کے ہمراہ قمر زمان کائرہ، چوہدری منظور، مصطفیٰ نواز کھوکھر، چوہدری منظور ودیگر موجود تھے۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے مریم اورنگزیب، رانا ثنا اللہ، ایاز صادق، اور محمد زبیر موجود تھے، مریم نواز نے جاتی امرا پہنچنے پر بلاول بھٹو کا استقبال کیا۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ بجٹ عوام دشمن ہے کسی صورت منظور نہیں ہونا چاہئے، دونوں رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت کی ناکامیاں ملک کے لیے خطرہ بنتی جارہی ہیں، حکومت کو مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا ہے۔
مزید پڑھیں: بیگم صفدر نے کرپشن بولے بھائی کے لیے منی لانڈرنگ کی ہانڈی تیار کی، فیاض الحسن چوہان
مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومت کو جتنا وقت دیں گے ملک کو اتنا زیادہ نقصان ہوگا۔
پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے رہنماؤں میں مشترکہ فیصلہ کیا گیا کہ حکومت بجٹ عوام دوست نہیں بناتی تو منظور نہیں ہونے دیں گے، عوام دشمن بجٹ اور حکومت کے خلاف پارلیمان اور باہر جدوجہد کا فیصلہ کیا گیا۔
اس کے علاوہ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں جماعتوں کی قیادت دیگر اپوزیشن جماعتوں سے بھی رابطے کریں گی۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹو نے رمضان المبارک میں اپوزیشن جماعتوں کی قیادت دعوت افطار پر مدعو کیا تھا جس میں مریم نواز بھی شریک ہوئی تھیں، مریم نواز نے گزشتہ روز بلاول بھٹو کو ملاقات کی دعوت دی تھی جسے بلاول کی جانب سے قبول کرلیا گیا تھا۔