سانگھڑ: سندھ کے شہر سانگھڑ کی قومی و صوبائی نشستوں کے پوسٹل بیلٹس میں دھاندلی کا انکشاف ہوا ہے، دھاندلی میں انتخابی عملہ ملوث نکلا۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر سانگھڑ نے پولیس کو مراسلہ لکھ کر کہا تھا کہ دھاندلی میں سانگھڑ میں تعینات انتخابی عملہ اور دیگر افراد ملوث ہیں۔
ڈی سی سانگھڑ امتیاز علی کا کہنا ہے کہ پولیس کو مراسلہ دھاندلی کے خلاف کارروائی کے لیے لکھا گیا تھا، پولیس نے پوسٹل بیلٹ دھاندلی میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق دھاندلی کے خلاف انکوائری میں پوسٹل بیلٹس میں دھاندلی کے ثبوت مل گئے ہیں، تاہم ملوث افراد طلبی کے با وجود انکوائری میں پیش نہیں ہوئے۔
سیہون میں دھاندلی پر اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی گرفتاری کا حکم، پنجاب کے چار افسران بھی معطل
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بھی گزشتہ روز سندھ کے شہر سیہون شریف اور سانگھڑ میں پوسٹل بیلٹ پیپرز کے ذریعے دھاندلی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی گرفتاری کا حکم دیا تھا۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن نے چیف سیکریٹری سندھ سے رابطہ کر کے کہا تھا کہ سیہون کے اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کو گرفتار کیا جائے۔ دوسری طرف الیکشن کمیشن نے ڈی ایس پی سمیت پنجاب کے چار افسران کو بھی سرکاری حیثیت کا ناجائز استعمال کرنے کے الزام میں معطل کیا ہے۔
خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔