متعدد ملیالم ٹیلی ویژن شوز کا حصہ رہنے والی بھارتی اداکارہ پریا 34 سال کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے موت کے منہ میں چلی گئیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اداکارہ پریا 8 ماہ کی حاملہ تھیں جب انہیں دل کا دورہ پڑا۔ ان کے نومولود بچے کو اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھ دیا گیا۔
اداکار کشور ستیہ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے پریا کی تصویر شیئر کرتے ہوئے موت کی تصدیق کی۔ انہوں نے لکھا کہ ملیالم ٹیلی ویژن انڈسٹری میں ایک اور غیر متوقع موت ہوگئی، پریا کو صحت سے متعلق کوئی مسئلہ نہیں تھا۔
اداکار معمول کے چیک اپ کیلیے اسپتال میں موجود تھیں جہاں ان کو دل کا دورہ پڑا۔ وہ ملیالم انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ تھیں جنہیں ’کروتھاموتھو‘ میں اداکاری کی وجہ سے کافی پسند کیا گیا۔
پیر کے روز ملیالم انڈسٹری کے نامور اداکار رنجوشا مینن اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے۔ 35 سالہ اداکار نے خود کو پھانسی دی تھی۔