بالی ووڈ کی معروف اداکارہ پریتی زنٹا نے 18 کروڑ روپے کے قرض معافی کے دعووں کو مسترد کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پریتی زنٹا نے کانگریس کے الزامات کو ‘جعلی’ قرار دیتے ہوئے قرض معافی کے دعوے کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
پریتی نے کانگریس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ اداکارہ کیخلاف بدنیتی پر مبنی افواہیں پھیلا رہی ہے جبکہ اداکارہ نے یہ بھی واضح کیا کہ وہ مذکورہ قرض کی رقم 10 سال پہلے ہی ادا کر چکی ہیں۔
انہوں نے کیرالہ یونٹ کانگریس کی جانب سے لگائے گئے بحران زدہ نیو انڈیا کوآپریٹو بینک سے 18 کروڑ روپے کا قرض معاف کرانے کے بدلے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو دینے کے الزام کی سختی سے تردید کردی ہے۔
واضح رہے کہ کیرالہ کانگریس کے ایکس اکاؤنٹ نے ایک نیوز پورٹل کی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اداکارہ پریتی زنٹا نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بی جے پی کو دے کر اپنا 18 کروڑ کا قرض معاف کروا لیا ہے اور بینک پچھلے ہفتے دیوالیہ ہو گیا جبکہ عوام اپنی رقم کے لیے سڑکوں پربھٹک رہے ہیں۔‘
پریتی زنٹا نے اس پوسٹ کے جواب میں کانگریس کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس خود چلاتی ہیں اور کانگریس کو جعلی خبر پھیلانے پر شرم آنی چاہیے کسی نے میرے لئے کوئی قرض معاف نہیں کیا ہے۔