ممبئی: ہیما مالنی سے لے کر شتروگھن سنہا اور کنگنا رناوت تک بالی وڈ کی کئی مشہور شخصیات سیاستدان بن چکی ہیں لیکن اداکارہ پریتی زنٹا کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پریتی زنٹا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر مداحوں کے سوالات کے جوابات دیے۔
پریتی زنٹا نے انکشاف کیا کہ انہیں سیاسی جماعتوں کی جانب سے ٹکٹ اور رکن پارلیمنٹ بننے کی پیشکش کی گئی لیکن انہوں نے سیاسی میدان سے دور رہنے کا فیصلہ کیا جس کے پیچھے کچھ وجوہات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پریتی زنٹا کروڑوں کا قرض معاف کروانے کی خبروں پر برس پڑیں
وہ حال ہی میں اپنے متعلق جعلی خبریں شہیر کرنے پر کانگریس پر برہم ہیں۔
گزشتہ روز ایکس پر مداح نے سوال کیا کہ کیا ان کا سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ ہے؟ اداکارہ نے جواب دیا کہ ’نہیں، مجھے سیاست میں دلچسپی نہیں، جب بھی پارٹی ٹکٹ یا پارلیمنٹ کی نشست کی پیشکش ہوئی تو میں نے انکار کیا کیونکہ میں سیاستدان نہیں بننا چاہتی‘۔
’سپاہی‘ کا لقب ملنے پر پریتی زنٹا نے کہا کہ مجھے سپاہی کہنا بالکل غلط نہیں کیونکہ میں ایک فوجی کی بیٹی اور ایک فوجی کی بہن ہوں، ہم شمالی یا جنوبی ہندوستانی یا ہماچل یا بنگالی وغیرہ نہیں بلکہ صرف ہندوستانی ہیں۔
ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے غیر سیاسی ہونے کے بارے میں بات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ میں حیران ہوں کہ انڈیا میں سوشل میڈیا کس طرح زہریلا ہوگیا ہے اور کس طرح ہر تبصرے اور مشاہدے کو سیاسی پیمانے پر تولا جاتا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ میں سیاستدان نہیں ہوں اور نہ ہی مجھے سیاست میں دلچسپی ہے لیکن ایک عام انسان ہونے کے ناطے مجھے یہ بات بہت پریشان کن لگتی ہے۔