لاہور: پنجاب میں سرکاری اساتذہ کی کمی کے معاملے پر ابتدائی رپورٹ میں اہم انکشاف سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں سرکاری اساتذہ کی کمی پر محکمہ اسکول ایجوکیشن نےابتدائی رپورٹ تیار کرلی۔
جس میں بھرتی ہونے والے ہزاروں اساتذہ کا دیگر اضلاع میں ٹرانسفر کروانے کا انکشاف کرتے ہوئے بتایا گیا سرکاری اساتذہ نے بھرتی ہونے کیلئےکسی اور ضلع کا انتخاب کیا۔
اساتذہ نے اپنے آبائی ضلع یا گھر کے قریبی اسکول میں ٹرانسفر کرایا، اساتذہ نےٹرانسفر کرانے کیلئے مختلف مضامین کی سیٹ تک تبدیل کرائی۔
مختلف اسکولوں میں اساتذہ بھرتی ہوئےمگر وہاں ڈیوٹی نہیں کی جبکہ صوبے کے بیشتر اسکولوں میں طلبا سے زیادہ استاد پائے گئے۔
پنجاب کے مختلف اسکولوں میں درجنوں بچوں پر ایک سے 2 استادہیں کیونکہ بیشتر اساتذہ نےپنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ سمیت دیگرمحکموں میں ٹرانسفر کرایا جبکہ متعدداساتذہ بھرتی ہوکر آفیشل کیڈر میں چلے گئے۔
رواں ماہ صوبے کے تمام اساتذہ کی ریشنلائزیشن کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، ، وزیر تعلیم راناسکندرحیات نے کہا ہے کہ جو جس جگہ بھرتی ہوااسکو واپس بھیجیں گے، انتظامی اداروں میں کام کرنے والے اساتذہ کو بھی واپس بھیجیں گے۔
رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ غیر ضروری ٹرانسفر پوسٹنگ سے اساتذہ کی بڑی کمی پیدا ہوئی ، اساتذہ کی غیر ضروری ٹرانسفر کے بعد اس سیٹ پر دوبارہ بھرتی نہیں ہوئی، غیرضروری ٹرانسفرز پر مکمل تحقیقات ہوں گی۔