تصاویر: پیار علی امیر علی
کراچی: فلم ہو من جہاں کا رنگا رنگ پریمیئر ہوا جس میں شوبز ستاروں کی شرکت نے چار چاند لگادئے، فلم کی کاسٹ اور دیگر اداکار فلم کی کامیابی کیلئے پُر امید نظر آئے۔
اے آر وائی فلمز کی شاندار پیشکش ’ہومن جہاں ‘کا پریمئیر کراچی کے نیوپلکس سینیما میں ہوا، فلم ہو من جہاں کا رنگا رنگ پریمیئر کے موقع پر سجنے والے ریڈ کارپٹ پر ہومن جہاں کے بارے میں ستاروں نے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔
فلم ہو من جہاں کے پریمئر شو میں شرکت کے دوران میڈیا سے گفتگو میں سابق صدر پرویز مشرف بھی شریک تھے،پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ ملک میں فلم انڈسٹری کا مستقبل روشن ہے۔سابق صدر نے فلم کے پریمئر پر اپنی اہلیہ ، بیٹی اور نواسے کے ساتھ شرکت کی ، واضح رہے کہ فلم ہو من جہاں کے ڈائریکٹرعاصم رضا سابق صدر (ر) آرمی چیف جنرل پرویز مشرف کے داماد ہیں۔
اے آر وائی کے صدر اور سی ای او سلمان اقبال کا کہنا تھا کہ اس فلم میں سب کچھ موجود ہے، فلم کے حوالے سے فلم کی کاسٹ بھی کافی پرامید نظر آئی۔
’ہو من جہاں‘کے ڈائریکٹر عاصم رضا کا کہنا تھا کہ ہمیشہ سے سوچتا تھا کہ ایک دن ایسی فلم بناوں گا،حقیقت میں ماضی کے تمام تر تجربات بھی ایسی فلم بنانے کے لئے ہی تھے، مجھے ہمیشہ سے موسیقی مائل کرتی ہے یہی وجہ ہے کہ میں نے بہت سے میوزک ویڈیو ڈائریکٹ کرنے کا بھی لطف اُٹھایا۔
اس موقع پر فلم کے ایگزیکٹیو پروڈیوسر اور اداکار شہریار منور کا کہنا تھا کہ یہ فلم پچھلی نسل ، موجودہ نسل اور آنے والی نسل کے لئے ایک میسج ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے اس فلم دو ذمہ داری نبھائی ، یہ اس وقت ہی ممکن ہے جب آپ کو کام کرنے کا جنون ہو مجھے کبھی بارہ گھنٹے کبھی اس سے زیادہ بھی کام کرنا پڑا۔ان کا کہنا تھا کہ اداکاری کے ساتھ پروڈیوسرہونے کی وجہ سے بہت سے بہت سے فیصلے خود بھی کئے۔
ریڈ کارپٹ پر فلم کی کاسٹ ، سابق صدر پرویز مشرف سمیت شوبز کے ستاروں نے چار چاند لگادیئے، ریڈ کارپٹ پر شوبز سے تعلق رکھنے والے افراد جن میں ہمایوں سعید ، حمزہ علی عباسی ، بہروز سبزواری ، عدنان صدیقی، عائشہ عمر ، صنم بلوچ ، ندا یاسر ، دانش، ماڈل نادیہ حسین، حنا دلپزیر اور دیگر ستاروں نے بھی شرکت کی ۔
فلم میں پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے تین اہم کردار مرکزی کرداروں میں نظر آئیں جن میں شہریار منور، ماہرہ خان اور عدیل حسین شامل ہیں، ان کے ساتھ ساتھ بشری انصاری، سونیا جہاں، نمرا بچا، منور صدیقی، جمال شاہ اور ارشد محمود بھی کاسٹ کا حصہ ہیں۔
یہ کہانی یونیورسٹی کے تین دوشتوں کی زندگی پر مبنی ہیں جو اپنی مزضی سے اپنی زندگی گزارنا چاہتے ہیں اور اپنے خوابوں کو پورا کرنا چاہتے ہیں،یہ فلم کراچی اور شمالی علاقہ جات کے علاقوں میں فلمائی گئی ہے۔
فلم ہو من جہاں میں نو گانے موجود ہیں جن کو لیکر فلم میکر خاصے پر امید ہیں. کیونکہ فلم میں زوہیب حسن, معروف گلوکار عاطف اسلم، زیب النسا بنگش، جمی خان، ٹینہ ثانی، ابو محمد، فرید ایاز ، اسرار اور مائی ڈھائی بینڈ نے اپنی آوازکا جادو جگایا ہے، فلم کے میوزک پروڈیوسر ز میں فاخر محمود اور احتشام ملک شامل ہیں۔
فلم دیکھنے والے شائقین کا کہنا تھا کہ ہومن جہاں بہترین فلم ہے، ہومن جہاں یکم جنوری سے ملک بھر کے سینماوں کی زینت بنے گی۔