نیویارک: وفاقی وزیر برائے سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان میں ٹیسٹنگ کٹس کی تیاری آیندہ ہفتے سے شروع ہو جائے گی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے، انھوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی ٹیسٹنگ کٹس مقامی طور پر تیار کر رہے ہیں، آیندہ ہفتے سے کٹس کی تیاری شروع ہو جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ وائرس سے متاثرہ دیہاڑی دار مزدوروں کو مالی پیکج دیں گے، حکومت کی طرف سے سینیٹائزر کی سپلائی پیر سے شروع ہو جائے گی۔
خیال رہے کہ چین کے شہر ووہان میں مقیم پاکستانی طلبہ کے لیے آج صبح تیار کھانا طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے روانہ کیا گیا ہے، کھانا لے جانے والا طیارہ واپسی پر چین سے کرونا وائرس کے تدارک کے لیے امدادی سامان بھی لے کر آئے گا۔
چین کے شہر ووہان میں مقیم پاکستانی طلبہ کے لیے کھانا روانہ
خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 447 ہو گئی ہے، ملک میں کرونا وائرس کے باعث 2 اموات ہوئی ہیں جب کہ 5 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں وائرس کے 117 نئے کیسز سامنے آئے، سندھ میں اب تک کرونا کے 245، بلوچستان میں 81 کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 78 اور خیبر پختون خوا میں 23 کرونا کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے، گلگت بلتستان میں 12 اور آزاد کشمیر میں ایک مستند کیس سامنے آیا، جب کہ اسلام آباد میں کرونا وائرس کے 7 کیسز سامنے آ چکے ہیں۔