پاکستان تحریک انصاف کے آج اسلام آباد کے علاقے سنگجانی میں جلسہ عام کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں اور کے پی سے سرکاری مشینری پہنچا دی گئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے سنگجانی جلسے کے لیے تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔ مرکزی اسٹیج کی تیاری اور بڑی اسکرینیں لگانے کا کام جاری ہے۔
پی ٹی آئی کارکن جلسہ گاہ پہنچنا شروع ہوگئے ہیں جب کہ جلسہ گاہ کے ساتھ جی ٹی روڈ پر بھی پولیس کی بھاری نفری بھی تعینات کی گئی ہے۔ ڈی ایس پی اسلام آباد نے آج صبح جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔
دوسری جانب جلسے کے سلسلے میں پی ٹی آئی کی جانب سے صوابی انٹرچینج پر استقبالیہ کیمپ لگا دیا گیا ہے اور خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع سے سرکاری مشینری استقبالیہ کیمپ پہنچا دی گئی ہے۔
ریسکیو 1122 کی گاڑیوں پر سفید اسٹیکرز چسپاں کیے گئے ہیں جب کہ 4 ٹی ایم اے اہلکار بھی کام میں مصروف ہیں۔
راستے میں موجود رکاوٹیں ہٹانے کیلیے مشینری بھی موجود ہے۔ کے پی سے جلسے کے لیے اسلام آباد جانے والے قافلوں کی قیادت وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کریں گے اور جلسے کیلیے روانگی سے قبل وہ کارکنوں سے خطاب بھی کریں گے۔
دریں اثنا پی ٹی آئی جلسے کیلیے صوابی میں 819 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جہاں متعلقہ ڈی ایس پی اور ایس پیز ذمے داریاں انجام دیں گے جب کہ ٹریفک اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔
پولیس کے مطابق تمام اضلاع میں قافلوں کی روانگی کیلیے سیکیورٹی پلان مرتب کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ اور وزرا کے ساتھ اپنے اپنے سیکیورٹی اسکواڈز ہوں گے۔
واضح رہے کہ آج صبح جلسہ گاہ کے قریب سے مشکوک بیگ ملا، جس کی تلاشی لی گئی تو اس میں سے دستی بم اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔
پی ٹی آئی جلسہ گاہ کے قریب سے دستی بم برآمد، سیکیورٹی مزید سخت