عام طور پر گھریلو خواتین پھل اور سبزیوں کو دیر تک تازہ اور محفوظ رکھنے کیلیے کھلی ہوا یا فریج میں رکھنے کو ترجیح دیتی ہیں لیکن یہ عمل دیرپا اور صحت مند نہیں۔
اے آر وائی نیوز کوئٹہ کی نمائندہ عطیہ اکرم کی رپورٹ کے مطابق بلوچستان میں خواتین پھل اور سبزیوں کو بغیر کسی کیمیکل کے خشک کرنے کے ایسے طریقے پر عمل کرتی ہیں کہ جس سے ان کو کافی دن تک نہ صرف استعمال کیا جاسکتا ہے بلکہ ان کی غذائیت بھی برقرار رہتی ہے۔
پھل اور سبزیوں کو ضائع ہونے سے بچانے کیلیے کوئٹہ کی خواتین کو سورج کی روشنی کے ذریعے انہیں مخصوص طریقے سے خشک کرنے کا طریقہ سکھایا جاتا ہے جسے سیکھنے کے بعد یہ خواتین اپنا کاروبار بھی کرسکتی ہیں۔
ان سبزی اور پھلوں کو قدرتی طریقے سے کاٹ کر اور چھیل کر دھوپ میں سُکھانے سے ایک تو یہ ضائع نہیں ہوتے بلکہ یہ صحت کیلیے بھی مفید ہوتے ہیں۔
خواتین کو تربیت دینے والی انسٹرکٹر نے بتایا کہ ان پھل اور سبزیوں کو کچھ دن ایک خاص درجہ حرارت تک سکھایا جاتا ہے جس کے بعد ایک ٹیسٹر کی مدد سے معائنہ کر کے سورج کی روشنی سے ہٹا دیا جاتا ہے اور پھر سائے میں رکھ دیا جاتا ہے تاکہ اس میں موجود غذائیت ضائع نہ ہو۔
اس عمل کے بعد ان اشیاء کو پلاسٹک بیگس میں پیک کرکے بازار میں فروخت کردیا جاتا ہے، جسے لوگ خرید کر گھروں میں باآسانی استعمال کرتے ہیں۔