اسلام آباد: دورہ چین کے اختتام پر صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر منصوبہ بندی اسدعمر اور وفد کے دیگر اراکین کو کورونا وائرس سے کلیئر قرار دے دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق دورہ چین سے واپسی پر صدر مملکت، وزیر خارجہ، وزیر منصوبہ بندی سمیت وفد میں شامل اراکین کا کورونا ٹیسٹ کے لیے نمونے حاصل کیے گئے جن کی رپورٹ آگئی ہے۔
رپورٹ میں مذکورہ افراد کو کورونا وائرس سے کلیئر قرار دے دیا گیا ہے،اس متعلق چین نے باضابطہ طور پر وزارت خارجہ پاکستان کو مطلع کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چین سے واپسی، شاہ محمود قریشی کا خود کو آئیسولیشن میں رکھنے کا اعلان
صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی ، وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، وزیر منصوبہ بندی اسد عمر اور دیگر اراکین وفد نے مورخہ 16/17 مارچ کو چین کا دورہ کیا تھا۔
چین روانگی سے قبل بھی اراکین وفد کا کرونا ٹیسٹ کیا گیا اور کلیئر آنے پر طیارے میں سوار کیا گیا اور دورہ چین سے واپسی پر دوبارہ خون کے نمونے اور سویب لئے گئے،بعد از ٹیسٹ انہیں کلیئر قرار دیا گیا۔
قبل ازیں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نےچین سے واپسی پرماہرین کے مشورےپرخود کو آئیسولیشن میں رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پانچ روز بعد کرونا کاٹیسٹ کراؤں گا۔