پیرس اولمپکس میں ملک کی تاریخ پہلا انفرادی گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کو صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے مبارک باد پیش کی ہے۔
پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو میں 118 سالہ ریکارڈ توڑنے اور ملکی تاریخ میں پہلی بار انفرادی گولڈ میڈل حاصل کرنے پر پوری قوم نہال ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یہ تاریخی کارنامہ انجام دینے پر ارشد ندیم کو مبارک باد پیش کی ہے۔
صدر مملکت آصف زرداری نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ ارشد ندیم کی جیت پوری قوم کی جیت ہے۔ شاندار اولمپکس ریکارڈ اور طویل ترین جیولن تھرو کرنا بڑا کارنامہ ہے۔ آپ نے پاکستان کے لیے سونے کا تمغہ جیت کر ہمارا سر فخر سے بلند کر دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ارشد نے نہ صرف سونے کا تمغہ جیتا۔ بلکہ اولمپکس کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔ ان کی تھرو شاندار کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم نے پوری پاکستانی قوم کو ایک بہت ہی خوبصورت تحفہ دیا ہے۔ وہ اولمپکس ریکارڈ بنا کر پاکستان اور اولمپکس کی تاریخ میں امر ہو گئے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ شاباش چمپئن ارشد ندیم شاباش، پوری قوم کو آپ پر فخر ہے۔ آپ نے سبز ہلالی پرچم کو بلند کر کے تاریخ ساز کارنامہ انجام دیا ہے۔
علاوہ ازیں دیگر سیاسی، سماجی اور کھیلوں سے وابستہ شخصیات نے بھی ارشد ندیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔