ایران کے دارالحکومت تہران میں کورونا سے بچاؤ کے لیے فیس ماسک کا استعمال لازمی قرار دے دیا گیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق صدر حسن روحانی نے فیس ماسک پر سختی سے عملدرآمد کرنے ہدایت کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانوں کا اعلان کر دیا۔
کورونا وبا سے نمٹنے کے لیے بنائی گئی قومی ٹاسک فورس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر حسن روحانی نے کہا کہ تہران میں پبلک مقامات پر ماسک نہ پہننے والوں پر جرمانہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ فیس ماسک نہ پہننے والے کو 5 لاکھ ریال جرمانہ کیا جائے گا جب کہ کورونا سے متاثرہ شخص اپنے اہل خانہ، کام کی جگہ اور رابطہ میں رہنے والوں کو وبا سے متعلق آگاہ کرے گا اور 2 ہفتے قرنطینہ کرے گا۔
صدر نے کہا کہ ایسا نہ کرنے والے کو 20 لاکھ ریال جرمانہ ہوگا۔دوران ڈرائیونگ فیس ماسک نہ لگانے والے ٹیکسی ڈرائیور کو 10 لاکھ ریال جرمانہ کیا جائے گا جب کہ بغیر ماسک والے مسافر کو ٹیکسی میں بٹھانے پر 2 لاکھ ریال جرمانہ ہو گا۔