اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کو نشان امتیاز ملٹری سے نوازا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کو نشان امتیاز عطا کرنے کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی
ترجمان ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنرل ندیم رضا کو نشان امتیاز عطا کرنے کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں وزیر دفاع پرویز خٹک، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سربراہ پاک فضائیہ سمیت اعلیٰ عسکری وسول افسران نے بھی شرکت کی۔
جنرل ندیم رضا کو ملکی دفاع کی خدمات کے اعتراف میں نشان امتیاز ملٹری سے نوازا گیا۔
یاد رہے کہ رواں سال 21 نومبر کو وزیراعظم عمران خان نے لیفٹیننٹ جنرل ندیم رضا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی بنانے کی منظوری دی تھی اور ان کی تقرری کا اطلاق 27 نومبر 2019 سے ہوگیا تھا۔
اس سے قبل جنرل زبیر محمود حیات نے 28 نومبر 2016 کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کا عہدہ سنبھالا تھا۔