مظفر آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیریوں نے کرنا ہے، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بلا تفریق حمایت کرتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکومت اور عوام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں، کشمیر پر صرف کشمیریوں کا حق ہے۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ صرف کشمیریوں نے کرنا ہے، کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی بلا تفریق حمایت کرتے ہیں۔ کشمیریوں کو ہر دور میں طاقت سے دبانے کی کوشش کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ قربانیاں دینے والی ماؤں، بیٹیوں اور نوجوانوں کو سلام، کسی قوم کے جذبات اور احساس کو دیر تک دبایا نہیں جا سکتا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ گمنام قبریں تاریخ رقم کر رہی ہیں، کشمیر کی آزادی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ پاکستان ہر اعتبار سے کشمیر کو سپورٹ کرتا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس دن بھی مقبوضہ کشمیر میں کارروائی کی جاتی ہے انٹرنیٹ بند کیا جاتا ہے، کب تک چھپائیں گے ظلم کو مزید نہیں چھپا سکتے۔ بھارت میں جب الیکشن آتے ہیں، کشمیر اور مسلمانوں پر ظلم ڈھاتے ہیں۔
صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ بھارت نے کوشش کی مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو اقلیت میں بدلا جائے، جتنی کوشش کر لے بھارت کشمیر میں مسلمانوں کی آبادی رہے گی۔ جب بھی نئی حکومت آتی ہے ہاتھ بڑھانے کا اچھا موقع ہوتا ہے، عمران خان نے بھی ہاتھ بڑھایا مگر جس طرح انکار کیا گیا دنیا نے دیکھا۔
خیال رہے کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آج ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے۔ آج کے دن لائن آف کنٹرول پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنانے کے ساتھ اقوام متحدہ کے دفتر میں یادداشت بھی پیش کی جاتی ہے۔
یوم کشمیر کے موقع پر صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پوری پاکستانی قوم جدوجہد آزادی میں کشمیریوں کے ساتھ ہے، یقین ہے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی رنگ لائے گی۔
وزیر اعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ مسئلہ کشمیر 7 دہائیوں سے حل طلب ہے، پیلیٹ گنز سے نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کا سلسلہ جاری ہے۔ کشمیریوں کا جذبہ حریت بڑھ رہا ہے، بھارت کے خلاف 70 سال سے کشمیری جدوجہد آزادی کے لیے کوشاں ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے پیغام میں کہا کہ کاش لوگ سنگینوں کے نیچے آزادی کے نعرے نہ لگا رہے ہوتے، کشمیریوں کو ان کا حق مل کر رہے گا، یہ واضح ہوچکا ہے کشمیریوں کی تحریک کامیاب ہو کر رہے گی۔