ہفتہ, مئی 10, 2025
اشتہار

عمران خان سے آخری بار کیا بات ہوئی؟ صدر مملکت نے بتادیا

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : صدرمملکت عارف علوی نے کہا میری عمران خان سے آخری بار پنجاب کے گورنر کے معاملے پر بات ہوئی ، تمام فریق راضی ہوں تو ایوان صدر کردار ادا کر سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدرمملکت عارف علوی نے صحافیوں سے ملاقات میں پیشکش کی کہ تمام فریق راضی ہوں تو ایوان صدر کردار ادا کرسکتاہے ، ڈائیلاگ اس صورت ہوسکتا ہے جب تمام فریقین راضی ہوں۔

عارف علوی کا کہنا تھا کہ ذاتی حیثیت میں سمجھتا ہوں واضح مینڈیٹ بہت ضروری ہے وقت کوئی بھی ہو، جس نے غداری کی ہے اس پر آرٹیکل 6ضرور لگائیں، میں نے نہ آئین توڑا ہے اور نہ غداری کی ہے۔

دھمکی آمیزخط کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ دھمکی آمیزخط پر تحقیقات ہوئی ہیں تو عوام کے سامنے آنی چاہئیں ، امریکا پاکستان سے اپنے تعلقات ختم کرنانہیں چاہتا۔

آرمی چیف کی تقرری سے متعلق صدر مملکت کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں آرمی چیف کی تقرری وقت سے پہلے کرنے میں کوئی حرج نہیں۔

عارف علوی نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ میرے وزیراعظم سے تعلقات ٹھیک نہیں ، بطور صدرمملکت میرے پاس اختیار نہیں کہ کسی سے کہوں کہ ڈائیلاگ کرو۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ صدارتی نظام نہیں جمہوری نظام ہی ملک کا حل ہے، جب سے یہ حکومت آئی ہے مجھے 74سمریاں بھیجی گئیں، 74میں سے 69سمری اسی وقت دستخط کرکے واپس بھیج دیں۔

صدر مملکت نے بتایا کہ سمریوں کو روکنے میں کسی طرف سے کوئی دباؤ نہیں تھا ، میرے ذہن میں کچھ سوالا ت تھےاس لئے سمریوں کو روکا۔

عمران خان سے بات سے متعلق عارف علوی نے کہا کہ ای وی ایم اور نیب کی سمری پر میری عمران خان سے کوئی بات نہیں ہوئی ، عمران خان سے آخری بار پنجاب کے گورنر کے معاملے پر بات ہوئی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں