اسلام آباد : صدر پاکستان عارف علوی نے کہا ہے کہ حکومت بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ہرممکن اقدامات کررہی ہے، سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل فوری حل کیے جائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملائشیا سے ڈپٹی منسٹر انڈسٹریز کی زیر قیادت آنے والے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ حکومت بیرونی سرمایہ کاری کیلئے ہرممکن اقدامات کررہی ہے، اس موقع پر صدر پاکستان عارف علوی نے سیکریٹری ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت جاری کی کہ پام آئل صنعت سے وابستہ سرمایہ کاروں کے مسائل فوری حل کریں۔
صدر پاکستان نے ملائیشیا کے سیاحوں کو پاکستانی سیاحتی مقامات کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پرامن اور خوبصورت پاکستان آپ کا منتظر ہے، ملاقات میں ملائیشین ڈپٹی منسٹر کا کہنا تھا کہ ملائیشین سرمایہ کار بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ سال نومبر میں ملائیشیا کا دورہ کیا تھا، وزیراعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا سے متعلق مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا اس کے مطابق دونوں ممالک کے وزرائے اعظم کے درمیان دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
دونوں ممالک کے درمیان ویزوں کے جزوی خاتمے کا معاہدہ ہوا جبکہ رواں سال اسلام آباد میں پاکستان، ملائیشیا مشاورتی اجلاس کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا اور اقتصادی تعاون، تجارت، اور سرمایہ کاری کی ضرورت پرزور دیا گیا۔