اسلام آباد : صدرممنون حسین اور نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک نے یوم آزادی کے موقع پرقوم کو مبارکباد دی۔
ملک بھر میں جشن آزادی بھرپور قومی جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، سرکاری اور نجی عمارتوں کو دلہن کی طرح سجایا گیا ہے۔
یوم آزادی کے موقع پرصدرممنون حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ مملکت پاکستان اللہ تعالیٰ کی ایک نعمت اور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے جنت ہے۔
صدرمملکت نے کہا کہ پاکستان کو درپیش اقتصادی مسائل اور دیگر پیچدہ معاملات پرقائد اعظم اور علامہ اقبال کے افکار پرحقیقی معنوں میں عمل درآمد کے ذریعے ہی قابو پایا جاسکتا ہے۔
ملک بھرمیں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے
دوسری جانب نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک نے یوم آزادی کے موقع پراپنے پیغام میں کہا کہ 14 اگست ہمیں اپنے آباؤ اجداد کی برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک محفوظ اور الگ وطن کے حصول کی جمہوری جدوجہد کی یاد دلاتا ہے جہاں وہ مذہبی، ثقافتی اور سماجی اقدار کے مطابق اپنی زندگیاں بسرکرسکیں۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم کے اتحاد، ایمان اور نظم وضبط کے سنہری اصولوں پرعملدرآمد کے غیرمتزلزل عزم سے ہمیں اپنے موجودہ مسائل پرقابو پانے اور پاکستان کو خود کفیل اور اقتصادی لحاظ سے مستحکم اور خوشحال ملک بنانے میں مدد ملے گی۔