تازہ ترین

‘ کروڑوں انسانوں کے قاتل ہمیں انسانیت کا درس نہ دیں ‘

انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ کروڑوں انسانوں کو قتل کرنے والے ہمیں انسانیت کا درس نہیں دے سکتے۔

تفصیلات کے مطابق ترک شہر ایسکی کے چیمبر آف کامرس کانگریس سینٹر میں جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی توسیعی صوبائی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے گزشتہ انیس سالوں میں تمام تر مسائل کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور مجھے امید ہے کہ ہم دو ہزار تئیس کے اہداف کے حصول میں محفوظ طریقے سے اپنے مقاصد تک پہنچ جائیں گے۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے واضح کیا کہ ہم دنیا کی دس بڑی اقتصادی طاقتوں میں شامل ہونے کے ہدف تک ایک نہ ایک دن ضرور رسائی کرلیں گے، ہم اس کے حصول میں اپنی رفتار کے مطابق جاری رکھیں گے۔

ترک صدر نے معیشت کو سرمایہ کاری، پیداوار، برآمدات اور روزگار کے ستونوں پر کھڑا کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اندرون و بیرون ملک کوششیں جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ترکی کا 10 ملکوں کے سفیروں کو ملک بدر کرنیکا عندیہ

ترک معیشت کو سرمایہ کاری، پیداوار، برآمدات اور روزگار کے ستونوں پر کھڑا کرنے کے لیے اندرون و بیرون ملک کوششیں صرف کرنے پر زور دینے والے ترک صدر نے بتایا کہ اس مقصد کے تحت انہوں نے گزشتہ ہفتے تین افریقی ممالک کا دورہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطہ افریقہ میں ہر مقام پر ترک مصنوعات، ترک فرموں اور امدادی سرگرمیوں کا مشاہدہ کرنے پر انہیں فخر محسوس ہوا ہے۔

ترکی پر آوازیں کسنے والوں پر کان نہ دھرنے کا ذکر کرتے ہوئے اردوان نے کہا کہ الجزائر میں دس لاکھ بے گناہ انسانو ں کا خون بہانے والے کیا آپ نہیں تھے؟ نائجیریا میں بھی دس لاکھ انسانوں کا قتل کرنے والے کون تھے؟ جی ہاں فرانسیسی، یہ لوگ ہمیں انسانیت کا سبق نہیں سکھا سکتے، انہیں پہلے انسانی اقدار کو سمجھنا ہو گا۔ کہاں سے ، ترکی سے، کیونکہ ہماری افریقہ پالیسیوں پر نکتہ چینیوں کا جواب ہم سے قبل ہمارے افریقی بھائی دے رہے ہیں۔

Comments

- Advertisement -