عید الاضحیٰ کے موقع پر صدر مملکت ممنون حسین، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قوم کے لیے نیک خواہشات کا پیغام جاری کیا۔
صدر مملکت کا پیغام
ریڈیو پاکستان کے مطابق عید الاضحیٰ کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا تھا کہ جان و مال کی اس قربانی سے اپنی انا قربان کرنے کی تربیت حاصل کریں۔
انہوں نے کہا کہ عیدین کے موقع پر ان افراد کو اپنی دعاؤں میں ضرور یاد رکھیں جنہوں نے ملک کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
صدر ممنون حسین نے تاکید کی کہ قوم خصوصی طور پر اپنے کشمیری بھائیوں کے لیے دعا کرے جو بھارت سے اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
وزیر اعظم کا پیغام
عید الاضحیٰ کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عید حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اطاعت اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی تسلیم و رضا ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے زور دیا کہ قوم اپنے تمام علاقائی، نسلی اور لسانی اختلافات کو بھلا کر مل کر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کرے۔
وزیر اعظم نے بھی قوم سے اپنی دعاؤں میں کشمیری بھائیوں کو یاد رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے ایک بار پھر واضح کیا کہ پاکستان ہر سطح پر کشمیریوں کے لیے سیاسی، اخلاقی اور سفارتی تعاون کو اس وقت تک جاری رکھے گا جب تک وہ اپنا حق خود ارادیت حاصل نہیں کر لیتے۔
آرمی چیف کا پیغام
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق عید الاضحیٰ کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے قوم کو عید کی مبارک باد دی۔
اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ عید الاضحیٰ امن، خوشیوں اور قربانی کا درس دیتی ہے۔