اسلام آباد : وزیراعظم نواز شریف نے قومی کرکٹ ٹیم کو ویسٹ انڈیز کیخلاف تاریخی فتح پر مبارکباد دی اور کپتان مصباح الحق اور یونس خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مایہ ناز کرکٹر یونس اورمصباح کی خدمات بے مثال ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے آخری ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کیخلاف تاریخی فتح پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں، انتظامیہ کی کوششوں سے کامیابی قابل تعریف ہے۔
انھوں نے کہا کہ قومی ٹیم نے پاکستان کے لیے تاریخی کارنامہ سرانجام دیا ،شاندار فتح پر کھلاڑی اور انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے۔
وزیراعظم نے کیرئیر کے آخری میچ میں فتح حاصل کرنے والے مایہ ناز کرکٹر یونس خان اور مصباح الحق کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ یونس خان اور مصباح الحق کی خدمات بے مثال ہیں، نوجوانوں کو مایہ ناز کرکٹرز سے سیکھنا چاہیے۔
صدرممنون حسین نے بھی ویسٹ انڈیز کیخلاف سیریز جیتنے پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی۔
یاد رہے کہ پینسٹھ برس میں پہلی بار ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر سیریز جیت کر پاکستان نے تاریخ رقم کردی، آخری دن پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو 101 رنز سے شکست دے دی۔
مزید پڑھیں : ڈومینیکا ٹیسٹ، 65 سال بعد ویسٹ انڈیز کی سرزمین پر سیریز جیت کر پاکستان نے تاریخ رقم کر دی
ڈومینیکا میں مصباح اور یونس نے کیریئر کے آخری ٹیسٹ میچ کو فیصلہ کن اور تاریخی سیریز جیت کرسیریز کو یادگار بنا دیا اور مصباح الحق پاکستان کو گیارہ سیریز جتوا کر ایشیا کے کامیاب ترین کپتان بن گئے۔