منگل, دسمبر 17, 2024
اشتہار

کشمیریوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، یوم آزادی پر صدر اور وزیراعظم کا پیغام

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے یوم آزادی اور یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پر کہا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ تھے، ساتھ ہیں اور ہمیشہ ساتھ رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق یوم آزادی اور یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کو کسی موڑ پر تنہا نہیں چھوڑیں گے۔

صدر پاکستان نے کہا کہ کشمیریوں کی آنکھوں سے بہنے والے آنسوہمارے دل میں گرتے ہیں، ہم کشمیریوں کے ساتھ تھے، ساتھ ہیں اورہمیشہ ساتھ رہیں گے۔

- Advertisement -

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کشمیرکی خصوصی حیثیت ختم کرنے کا یکطرفہ فیصلہ گھناؤنی سازش ہے، بھارتی اقدام اقوام متحدہ قراردادوں، شملہ معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جان لے آزادی کی تحریکوں کو اوچھے ہتھکنڈوں، جبر سے دبایا نہیں جاسکتا ہے۔

یوم آزادی کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہمارے آباؤ اجداد نے مذہبی، ثقافتی اورسماجی اقدارکے تحفظ کے لیے لازوال قربانیاں دیں، پاکستان کو ترقی یافتہ، خوشحال ملک بنانے کے لیے سب کواپنا کردارادا کرنا ہوگا۔

وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ قائداعظم کے رہنما اصولوں کو مشعل راہ بنا کرملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے وطن کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کرنے والوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آج ہم مقبوضہ کشمیرمیں اپنے بھائیوں کی حالت زار پر افسردہ ہیں، کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے انہوں نےکہا کہ حالیہ بھارتی اقدامات سے ہمارے آباؤ اجداد کے دو قومی نظریے کو مزید تقویت ملی۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں یوم آزادی کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ یوم آزادی پر دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یوم آزادی کے دن کا آغاز 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی اور یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں ہوگی۔ کشمیری عوام سے یکجہتی کے لیے قومی پرچم کے ساتھ کشمیرکا جھنڈا بھی لہرایا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آزاد کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد جائیں گے اور آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب بھی کریں گے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں