کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خواجہ اظہار الحسن پر حملے کی صدر، وزیراعظم سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے شدید مذمت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہارالحسن قاتلانہ حملے میں محفوظ رہے جبکہ فائرنگ کی زد میں آکرخواجہ اظہار الحسن کا گارڈ اور ایک بچہ جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔
صدر پاکستان ممنون حسین نے ایم کیو ایم کے رہنما پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو عوام کے جان ومال سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ دہشت گردوں کو عبرت کا نشان بنادیا جائے گا۔
وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے خواجہ اظہار الحسن پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے عید کے موقع پرقیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں سے واقعے پررپورٹ طلب کرلی۔
چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے خواجہ اظہارالحسن پرقاتلانہ حملےکی شدید مذمت کرتےہوئے کہا کہ بزدلانہ کارروائیوں سےحوصلے پست نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے شہید افراد کےاہلخانہ سےتعزیت، زخمیوں کی صحت یابی کی دعا کی۔
ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہار الحسن قاتلانہ حملے میں بچ گئے، گارڈ جاں بحق
پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو نے خواجہ اظہارالحسن پر حملےکی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو ہر صورت میں کچلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور منتخب نمائندگان کو تحفظ مہیا کیا جائے۔
گورنر سندھ محمد زبیرنے خواجہ اظہار الحسن پر قاتلانہ حملےکی مذمت کرتے ہوئے حملےمیں ملوث ملزمان کو گرفتار کرنے کی ہدایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام دہشت گردوں اورامن دشمنوں کےخلاف متحد ہیں۔
وزیرداخلہ احسن اقبال نے سربراہ ایم کیوایم پاکستان فاروق ستارکوٹیلیفون کرکے خواجہ اظہارالحسن پر حملے کی مذمت کی اور پولیس اہلکار اور شہری کے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ ملزمان کو جلد پکڑا جائے اور اس حوالے سے وفاقی ادارے مکمل تعاون کریں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خواجہ اظہارالحسن کو فون کرکے ان پر ہونے والے حملے کی مذمت کی کرتے ہوئے کہا کہ جلد قاتلوں تک پہنچ جائیں گے۔
واضح رہے کہ کراچی میں آج صبح ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہارالحسن قاتلانہ حملے میں محفوظ رہےجبکہ فائرنگ کی زد میں آکرخواجہ اظہار الحسن کا گارڈ اور ایک بچہ جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے تھے۔