تازہ ترین

صدر، وزیراعظم ودیگر رہنماؤں کا پرویز مشرف کے انتقال پر اظہار افسوس

وزیراعظم، صدر مملکت، چیئرمین سینیٹ سمیت دیگر رہنماؤں نے پرویز مشرف کے انتقال پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا ہے۔

صدر مملکت نے سابق صدرپرویز مشرف کے ورثاء سے تعزیت کا اظہارِ کرتے ہوئے مرحوم صدر کیلئے دعائے مغفرت کی اور ورثاء کیلئے صبر جمیل کی بھی دعا کی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے پرویزمشرف کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے ساتھ سابق صدر کی مغفرت کے لیے دعا بھی کی ہے۔

چوہدری پرویز الہٰی نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ سابق صدر و آرمی چیف جنرل پرویز مشرف کے انتقال پر گہرا دکھ اور رنج و غم ہے۔

انھوں نے لکھا کہ بیگم صہبا مشرف، بیٹے بلال مشرف اور بیٹی عائلہ مشرف کے غم میں برابر کے شریک ہیں، پاکستان آرمی اور ملک کیلئے ان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

چوہدری پرویز الہیٰ نے  اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف کی ملک و قوم کیلئے خدمات ہیں، پرویز مشرف لوگوں کےدلوں میں بستے تھے، وہ قابل جنرل رہے ،آنکھوں میں آنکھیں ڈال کربات کرتے تھے۔

چیئر مین سینیٹ صادق سنجرانی نے  پرویز مشرف کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار  کرتے ہوئے لکھا کہ دکھ کی گھڑی میں لواحقین کے ساتھ اور غم میں برابر کےشریک ہیں، اللہ مرحوم کی مغفرت اوردرجات بلندکرے،۔

کنوینر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی نے پرویز مشرف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف پروفیشنل سولجر اور ملک و قوم کے سچے ہمدرد تھے، پرویز مشرف نے ملکی دفاع، افواج اور پاکستان کیلئےگرانقدر خدمات انجام دیں۔

واضح رہے کہ سابق صدر اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف انتقال کر گئے ۔

 سابق صدر پرویز مشرف دبئی کے نجی اسپتال میں کافی عرصہ سے زیر علاج تھے، انکا انتقال امریکن اسپتال دوبئی میں ہوا۔

Comments

- Advertisement -