اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے ورلڈ بینک کے صدر ڈیوڈ مالپس نے ملاقات کی ہے، جس میں پاکستانی معیشت کے استحکام اور اس کے لیے اہم اصلاحات کی ضرورت پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں ورلڈ بینک حکام اور حکومتی وفد شریک ہوا، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور گورنراسٹیٹ بینک سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
ملاقات میں پاکستانی معیشت کو مستحکم کرنے اور اہم اصلاحات کی ضرورت پر گفتگو کی گئی، کاروبار اور روزگار کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے، عوام کو بہترین تعلیم، صحت اور ہنر کی فراہمی پر بھی بات چیت ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستانی معیشت کا شمار بڑی مارکیٹ میں ہوگا، کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک
عالمی بینک کے صدر ڈیوڈ مالپس نے ملاقات سے قبل کہا تھا کہ میرا دورہ پاکستانی معیشت سمجھنے کا بہترین موقع ہے، ہم معیشت پر وزیر اعظم اور وزرائے اعلیٰ کی ترجیحات جاننا چاہتے ہیں، اور پاکستان کے ساتھ کاروبار اور ملازمتوں کا ماحول بہتر بنانے پر تعاون کے خواہش مند ہیں۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر الانگو پاجامیتھو نے کراچی میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگلے 30 سال میں پاکستانی معیشت کا شمار بڑی مارکیٹ میں ہوگا، اس وقت پاکستان کی معیشت کو مختلف مسائل کا سامنا ہے، تاہم حکومت کی ترجیحات درست سمت میں ہیں۔