صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کا مقصد مضبوط اور جدید اسلامی فلاحی مملکت ہے ہم ملک کو ترقی یافتہ بنائیں گے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے ایوان صدر اسلام آباد میں پوم پاکستان پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن لاکھوں مسلمانوں کی قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے، ہم وطن کے شہدا اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں لاکھوں قربانیاں دے کر حاصل کی گئی آزادی کی حفاظت کرنی ہے اور عہد کرتے ہیں کہ مادر وطن کے تحفظ اور آزادی کی حفاظت کیلیے کسی قربانی سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ بھارت پاکستان کوہمیشہ میلی آنکھ سے دیکھتا ہے۔ پاکستان کو بہت سے جیو پولیٹیکل مسائل کا سامنا ہے۔ ہم نے بیرونی اور اندرونی دہشتگردی کا منہ توڑ مقابلہ کیا۔ دہشتگرد تنظیموں کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کے عوام اور افواج ساتھ ساتھ ہیں۔ فتنہ الخوارج سمیت دیگر دہشتگرد تنظیموں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے۔ اندرونی اور بیرونی سازشوں کے باوجود پاکستان کی تعمیر کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کا سرمایہ ہیں۔ نوجوان نسل میں نفرت اور مایوسی پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس کو کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ ہم اپنے نوجوانوں کو تعلیم، تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی سے آشنا کریں گے۔
صدر مملکت نے کہا قائد اعظم کی قیادت اور اقبال کے خواب نے پاکستان کے قیام کو یقینی بنایا۔ ہمیں ایک ایسا پاکستان بنانا ہے جو طاقتور اور ترقی یافتہ ہو۔ ہم مشکلات سے نہیں گھبراتے بلکہ ہم میں مشکلات پر قابو پانے کی صلاحیت موجود ہے۔ ہمارے سامنے سفر آسان نہیں لیکن ناممکن بھی نہیں۔ سب سے اپیل کرتا ہوں تمام تر توانائیاں ملکی ترقی کیلیے وقف کریں اور اختلاف سے بالاتر ہو کر ایک خوشحال اور پرامن پاکستان کیلیے کام کریں
صدر زرداری نے کہا کہ ہماری خارجی پالیسی امن واستحکام پر مبنی ہے۔ ہم اپنے ہمسایہ ممالک اور عالمی برادری سے مضبوط تعلق رکھنے کے خواہشمند ہیں۔
صدر مملکت نے یوم پاکستان کے موقع پر مقبوضہ کمشیر اور مقبوضہ فلسطین کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن ہم کشمیری بھائیوں کو بھی نہیں بھولے، جو طویل عرصے سے بھارتی مظالم کا شکارہیں۔ ہم دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کیلیے آواز اٹھائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور دہشتگردی کی مذمت کرتے ہیں۔ کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینا ہوگا۔
صدر پاکستان نے غزہ کے نہتے مسلمانوں پر مظالم کی مذمت کرتے ہوئے فلسطین کے ساتھ بھی اظہار یکجہتی کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین میں نسل کشی روکنے کیلیے فوری اقدامات کرے۔