جمعہ, مئی 16, 2025
اشتہار

صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کا یومِ تشکر پر مسلح افواج کو خراجِ عقیدت پیش

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یوم تشکر پر مسلح افواج کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا بہادر مسلح افواج نےعسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے یوم تشکر پر پیغام میں کہا کہ آج پاکستان کی شاندار کامیابی پر یوم تشکر منایا جارہا ہے، بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کو شاندار کامیابی ملی، فتح پر اللہ تعالیٰ کاشکربجالانےکیلئےیوم تشکر منایا جا رہا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 6 اور7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے بزدلی کا مظاہرہ کیا، بھارتی حملےمیں معصوم اور بے گناہ پاکستانی شہری شہید ہوئے ، جس کے بعد بھارت کے بزدلانہ حملے نے ہمیں جوابی کارروائی پرمجبورکیا اور دنیا نے دیکھا کئی گنا بڑے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں چند گھنٹے لگے۔

انھوں نے کہا کہ جو طیارے بھارت کا غرور تھے، اب راکھ اور نشان عبرت بن چکے ہیں، ہمارے شاہینوں نے دشمن پرکاری ضربیں لگائیں، بھارتی جارحیت پرہمارا دندان شکن جواب تھا، مسلح افواج نےدشمن کواسی کی زبان میں مؤثراوربھرپور جواب دیا اور بہادر مسلح افواج نےعسکری تاریخ کا سنہرا باب رقم کیا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بہادر مسلح افواج نے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا، دشمن کےفوجی اڈے، اسلحہ کےانباراورایئربیسزکھنڈرات بن گئے، رافیل ہمارے شاہینوں کے نشانے پرآئے اور اللہ کےفضل سےناکام ہوئے، ہماری کارروائی اس بوسیدہ نظریہ کیخلاف تھی جوانسان دشمنی پرقائم ہے، کارروائی اس نظریہ کیخلاف تھی جو جارحیت،مذہبی جنون،تعصب پرقائم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ ہماری غیرت اور اصولوں کی فتح ہے، خوددار، غیرت مند اور باوقار پاکستانی قوم کی کامیابی ہے، پوری قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میں پاک افواج کے تمام شہداکو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں اور معرکہ حق میں جانوں کانذرانہ پیش کرنیوالوں کوخراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم نے اپنی اورقوم کی طرف سے آرمی چیف جنرل عاصم منیرکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کی دانشمندانہ اور دلیرانہ قیادت میں یہ عظیم معرکہ سر ہوا، چیف آف ایئر اسٹاف ظہیر بابر اوران کے شاہینوں کو شاباش دیتا ہوں، شاہینوں نے ہمارے سر فخر سے بلند کر دیے ہیں۔

انھوں نے پاک بحریہ کےسربراہ ایڈمرل نویداشرف کوبھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نیول چیف کی قیادت میں پاک نیوی سمندری حدود کی حفاظت کرتی رہی۔

وزیراعظم نے اتحادی اور اپوزیشن جماعتوں سمیت ملک بھر کی سیاسی قیادت کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی ،اپوزیشن جماعتوں،پارلیمان نےبے مثال اتحاد کا مظاہرہ کیا۔

دوسری جانب صدر مملکت آصف زرداری نے یوم تشکر پر خصوصی پیغام میں کہا کہ آج ہم آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پریوم تشکر منا رہے ہیں، ربِ ذوالجلال کاشکرگزار ہوں کہ اس نازک گھڑی میں فتح سےنوازا، کامیابی پرپاکستان کی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

آصف زرداری کا کہنا تھا کہ یہ صرف پاکستان کی افواج کی نہیں بلکہ پوری قوم کی کامیابی ہے، دشمن کی جارحیت کیخلاف قوم بنیان مرصوص کی مانندکھڑی رہی ،مجھے اپنی مسلح افواج پر فخرہے۔

انھوں نے کہا کہ افواج نےبھارتی اشتعال انگیزی کانہایت پیشہ ورانہ اندازمیں جواب دیا، افواج نے درستگی اورقوت کے ساتھ بھارت کوجواب دیا، مجھےخوشی ہےکہ دنیانےپاکستان کے صبر و تحمل کا اعتراف کیا، دنیا نےہماری آپریشنل مہارت کوبھی تسلیم کیا۔

صدر مملکت نے بتایا کہ ہماری آپریشنل مہارت نےدشمن کوجارحیت سےبازآنےپرمجبورکیا، ہم ثابت قدم اورمتحدرہےاوروقار کے ساتھ فتح یاب ہوئے، پاکستان ایک پرامن ملک ہےاورکسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا۔

انھوں نے واضح کیا کہ کسی کوکوئی شک نہیں ہوناچاہئےپاکستان اپنی خودمختاری پرسمجھوتہ نہیں کرے گا اور نہ ہی پاکستان جغرافیائی سالمیت اور قومی مفادات پرکبھی کوئی سمجھوتہ کرے گا،ہماری سرزمین کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے خطے میں امن کے خواہاں ہیں، خطے میں امن اوراستحکام کے لیے ہمارے عزم کوہرگزکمزوری نہ سمجھاجائے، ہم سندھ طاس معاہدےکی یکطرفہ معطلی کومسترد کرتےہیں، معاہدے میں یکطرفہ معطلی کی کوئی شق موجود نہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان آبی حقوق کےتحفظ کیلئےقومی طاقت کےتمام ذرائع بروئےکارلائےگا، اپنی جانوں کانذرانہ دے کروطن عزیز کادفاع کرنے والوں کوسلام پیش کرتے ہیں، شہداکی ان کی قربانیوں کوہمیشہ یاد رکھا جائے گا، اپنی مادر وطن کےایک ایک انچ کے دفاع کے لیے چٹان کی مانند ڈٹے رہیں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں