اسلام آباد: ملک میں کل ہونے والے صدارتی انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن نے تمام تر انتظامات مکمل کرلیے۔ پولنگ کل صبح 10 بجے سے شروع ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے نئے صدر کا انتخاب کل 4 ستمبر کو ہورہا ہے جس کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ہالز کا کنٹرول سنبھال لیا گیا۔
پولنگ کل صبح 10 بجے شروع ہوگی، انتخاب خفیہ رائے شماری کے تحت ہوگا۔ الیکٹورل کالج سینیٹ، قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں پر مشتمل ہے۔
اگر دو امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا تو فتح کے لیے 706 میں سے 354 ووٹ درکار ہوں گے۔ پارلیمنٹ میں ریٹرننگ افسر کے فرائض چیف الیکشن کمشنر انجام دیں گے۔
پریزائیڈنگ افسر کے فرائض چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ انجام دیں گے۔ صوبائی اسمبلیوں میں صوبائی چیف جسٹس صاحبان پریزائیڈنگ افسران ہوں گے۔
بیلٹ پیپر پر پہلے پیپلز پارٹی کے امیدوار اعتزاز احسن، پھر تحریک انصاف کے عارف علوی اور تیسرے نمبر پر بقیہ اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار فضل الرحمٰن کا نام موجود ہے۔
پولنگ کے دوران ووٹر کے موبائل پولنگ بوتھ لے جانے پر پابندی جبکہ ووٹ دکھا کر ڈالنا بھی جرم ہوگا۔
شام 4 بجے پولنگ ختم ہونے پر پی او گنتی کے بعد نتیجے کا اعلان کریں گے۔ تمام ووٹوں کو جمع کر کے نتیجے کا سرکاری اعلان چیف الیکشن کمشنر خود کریں گے۔
خیال رہے کہ صدارتی انتخاب میں 3 امیدوار کھڑے ہورہے ہیں۔ حکومتی پارٹی پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عارف علوی کو نامزد کیا گیا ہے۔
اپوزیشن میں مشترکہ صدارتی امیدوار کے لیے اختلافات برقرار رہے جس کے بعد پیپلز پارٹی نے اپنا الگ امیدوار اعتزاز احسن کو نامزد کیا ہے جبکہ بقیہ اپوزیشن جماعتوں نے مولانا فضل الرحمٰن کو مشترکہ صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے۔