اسلام آباد: حکومتی اتحاد کے امیدوار آصف علی زرداری ملک کے 14ویں صدر مملکت منتخب ہوگئے۔ انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود خان اچکزئی کے مقابلے میں زیادہ ووٹ حاصل کیے۔
صدارتی انتخابات کیلیے قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں پولنگ کا عمل صبح 10 بجے شروع ہوا تھا جو 4 بجے تک جاری رہا۔
مولانا فضل الرحمان کی جماعت جے یو آئی (ف) نے انتخابی عمل کا بائیکاٹ کیا جبکہ پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں میں جماعت اسلامی کے ارکان نے بھی ووٹ کاسٹ نہیں کیے۔
حکومتی اتحاد کے امیدوار آصف علی زرداری کُل 411 الیکٹورل ووٹ لے کر صدر پاکستان منتخب ہوئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے محمود خان اچکزئی 181 الیکٹورل ووٹ حاصل کر سکے۔
آصف علی زرداری کو پالیمنٹ ہاؤس سے 255 الیکٹورل ووٹ ملے جبکہ محمود خان اچکزئی کو 119 الیکٹورل ووٹ ملے۔ سندھ اسمبلی سے آصف علی زرداری کو 58 اور محمود خان اچکزئی کو 3 الیکٹورل ووٹ ملے۔
پنجاب اسمبلی سے حکومتی امیدوار کو 43 جبکہ اپوزیشن کے امیدوار 18 الیکٹورل ووٹ ملے۔ خیبر پختونخوا اسمبلی سے آصف علی زرداری کو 8 ووٹ ملے جبکہ محمود خان اچکزئی نے 41 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے۔
بلوچستان اسمبلی سے سابق صدر نے 47 الیکٹورل ووٹ حاصل کیے جبکہ محمود خان اچکزئی کو ایک بھی الیکٹورل ووٹ نہیں ملا۔