بیجنگ: صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا پاکستان اور چین ہر آزمائش پر پورا اترنے والے دوست اور آہنی برادرز ہیں جو ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور چینی وزیراعظم لی کی چیانگ کے درمیان ملاقات بیجنگ کے گریٹ ہال میں ہوئی۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی، اسد عمر،چینی وزیر خارجہ، چین میں پاکستانی سفیر اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔
اس موقع پر چینی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کثیرالجہت تعلقات کو فروغ دینے کا عملی مظاہرہ کرنا ہوگا، مشکل وقت میں بھرپور تعاون پر پاکستان کی حکومت اور عوام کے شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسائل سے مشترکہ طو پر نمٹنے کے لیے تعلقات کو وسعت دینا ہوگی۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں میں تعلقات باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی ہیں، پاکستان نے ثابت کیا ہم پر امن بقائے باہمی اور عدم مداخلت پر عمل پیرا ہیں۔
ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین ہر آزمائش پر پورا اترنے والے دوست اور آہنی برادرز ہیں جو ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین میں کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی وبا پر وزیراعظم عمران خان اور پاکستان کی حکومت نے چین کے لیے اظہار ہمدردی کے پیغامات بھیجے۔