اسلام آباد : ملک میں چینی کی قیمت 180 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ، راولپنڈی، اسلام آباد اور کراچی کے شہری سب سے زیادہ مہنگی چینی خرید رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سرپلس اسٹاک اور کرشنگ سیزن کے باوجود مسلسل پندرہویں ہفتے چینی کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ملک میں چینی کی قیمتوں کے اعدادوشمارجاری کردئیے گئے۔
ادارہ شماریات نے بتایا کہ رمضان المبارک میں چینی کی اوسط 14 روپے 22 پیسے فی کلو مہنگی ہوچکی ہے اور ملک میں چینی کی قیمت 180 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔
ادارہ شماریات کا کہنا تھا کہ راولپنڈی، اسلام آباد اور کراچی کے شہری سب سے زیادہ مہنگی چینی خرید رہے ہیں، جہاں جڑواں شہروں اور کراچی میں چینی کی قیمت 180 روپے کلو تک ہے۔
کوئٹہ میں چینی کی فی کلو قیمت 176روپے، گوجرانوالہ، سیالکوٹ ، لاہور اور پشاور میں چینی 175 روپے کلو تک میں فروخت ہورہی ہے۔
فیصل آباد ، سرگودھا، ملتان، بہاولپور میں چینی 170 روپے کلو اور حیدرآباد، لاڑکانہ، بنوں 170 روپے کلو دستیاب ہے جبکہ سکھر 168 اور خضدار میں چینی 171 روپے کلو تک دستیاب ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ملک میں سات ماہ کی چینی کا ذخیرہ موجود ہے، ملک میں اکتوبر 2025 تک چینی کے ذخائر موجود ہیں، فروری تک ملک میں 56 ملین ٹن گنا کرشنگ کے لیے لایا گیا، فروری تک شوگر ملز نے 53 لاکھ ٹن چینی گنے سے تیار کی۔
ذرائع کے مطابق ملک میں چینی کے سابقہ ذخائر 9.5 لاکھ ٹن ہیں، فروری شوگر ملز کے پاس چینی کے 40 سے 45 لاکھ ٹن ذخائر ہیں اور حکومت 7 لاکھ 41 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرچکی ہے۔