لاہور : پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیسری مرتبہ اضافہ لاہور ہائیکورٹ میں چیلنچ کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تیسری مرتبہ اضافے کیخلاف درخواست دائر کردی گئی ، درخواست شہری منیر احمد نے لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات میں 100 روپے سے زائد کا اضافہ کردیا ہے، ایک ماہ میں پٹرول 84 روپے فی لٹر، ڈیزل 118 روپے فی لیٹر اضافہ کیاگیا۔
شہری کا کہنا تھا کہ پیٹرول ہونے سے ہر چیز مہنگی ہو جاتی یے۔حالیہ اضافے سے مہنگائی کا طوفان آچکا ہے، غریب پس کر رہ گیا ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین اور اضافے سے متعلق کوئی قانون ہی موجود نہیں۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو کالعدم قرار دے اور قیمتیں مقرر کرنے کا میکنزم بنانے کا حکم دیا جائے۔