اسلام آباد: رمضان میں سستے بازاروں میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں مقرر کر دی گئیں، دودھ 70 روپے جب کہ دہی 80 روپے فی کلو ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں رمضان کے لیے سستے بازاروں میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں مقرر کر دی گئیں، ملک بھر سو روپے تک فی کلو ملنے والا دودھ 70 روپے جب کہ دہی 80 روپے فی کلو ملے گا۔
وفاقی دارالحکومت میں سستے بازاروں کے لیے قیمتوں سے متعلق نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 20 کلو آٹے کا تھیلہ 720 روپے میں دستیاب ہوگا، باسمتی چاول 120 روپے فی کلو میں فروخت ہوگا۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نان 10 روپے، سموسہ 15 روپے، پکوڑے 240 روپے فی کلو اور جلیبی 120 روپے فی کلو میں فروخت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: پیٹرول کی قیمت فی لیٹر 108 روپے کرنے کی منظوری
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا ہے کہ مقرر قیمتوں سے زائد پر اشیائے خورد و نوش بیچنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ حکومتی پالیسیوں کے باعث اس وقت ملک بھر میں مہنگائی کا گراف بہت زیادہ بلند ہو چکا ہے، جس سے عوام شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔
آج ای سی سی نے پیٹرول کی قیمت فی لیٹر 108 روپے مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس اضافے کا براہ راست اثر اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں پر پڑے گا اور مہنگائی مزید بڑھے گی۔