بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

بلوچستان میں پرائمری اسکولز کھول دیے گئے

اشتہار

حیرت انگیز

کوئٹہ: ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں آج سے تمام پرائمری اسکولز کھول دیے گئے، اسکولز میں کرونا ٹیسٹ کے لیے طلبا اور اساتذہ کے سیمپلز لیے جاتے رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں تعلیمی ادارے کھولنے کے تیسرے مرحلے کے تحت صوبے میں آج سے تمام پرائمری اسکولز کھول دیے گئے۔

لیاقت شاہوانی کا کہنا تھا کہ موسم سرما کی وجہ سے اسکولوں کے اوقات کار بڑھا دیے گئے ہیں۔ سرکاری اسکول میں 9 بجے اور نجی اسکولز میں ساڑھے 9 بجے سے کلاسز کا آغاز ہوگا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ اسکولز میں کرونا ٹیسٹ کے لیے طلبا اور اساتذہ کے سیمپلز لیے جاتے رہیں گے۔

خیال رہے کہ بلوچستان حکومت نے پرائمری اسکول مزید 15 دن بند رکھنے کی تجویز دی تھی تاہم تجویز منظور نہیں کی گئی۔

ملک بھر میں کرونا وائرس کے باعث 6 ماہ سے بند تعلیمی ادارے 15 ستمبر سے کھول دیے گئے تھے، پہلے مرحلے میں احتیاطی تدابیر کے ساتھ ثانوی و اعلیٰ ثانوی اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں کھولی گئیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری ایس او پیز کے مطابق ایک کلاس روم میں اگر 40 بچے پڑھتے ہیں تو ایک دن 20 بچے آئیں گے اور اگلے دن 20 بچوں کو اسکول بلایا جائے گا۔

ایس او پیز کے مطابق بچوں میں کھانسی یا بیماری کی علامات ظاہر ہونے پر انہیں اسکول آنے سے روک دیا جائے گا۔

حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات پر عملدر آمد کو یقینی بنانے کے لیے محکمہ تعلیم کی مختلف ٹیمیں اسکولوں کا دورہ کر رہی ہیں اور ایس او پیز پر عملدر آمد کا جائزہ لے رہی ہیں۔

اگلے مرحلے میں سیکنڈری کلاسز 28 ستمبر اور اس کے بعد پرائمری کلاسز 30 ستمبر سے کھولی گئی ہیں تاہم کرونا وائرس کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے فیصلے میں تبدیلی کی جارہی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں