اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان اور امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد کے درمیان ہونے والی ملاقات سے متعلق اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم اور امریکی نمائندہ خصوصی کے درمیان ملاقات میں زلمے خلیل زاد نے افغان امن عمل کے تناظر میں پیشرفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے پرامن اور مستحکم افغانستان کے لیے پاکستان کی کوششوں کا ذکر کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا اور طالبان میں مذاکرات میں پیشرفت کا خیر مقدم کرتا ہے، امید ہے فریقین امن معاہدے پر جلد دستخط کردیں گے۔ وزیراعظم نے جلد امن معاہدے پر دستخط کی امید کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ معاہدے سے افغانستان میں پائیدار امن واستحکام کے لیے انٹرا افغان بات چیت ہوسکے گی، پاکستان نے افغان امن اور مفاہمتی عمل میں سہولت فراہم کی، افغانستان کے بعد خطے میں قیام امن کا زیادہ فائدہ پاکستان کو ہوگا۔
افغان مسئلے کے حل کے لئے پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا، شاہ محمود قریشی
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے افغان امن عمل کے لیے ہر ممکن کوشش اور تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ افغان پناہ گزینوں کی واپسی کے لیے سازگارحالات ضروری ہیں، افغانستان میں امن واستحکام علاقائی خوشحالی میں مثبت کردار ادا کرے گا۔
واضح رہے کہ زلمے خلیل ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں۔ امریکا کے افغان مفاہمتی عمل کے لیے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے میں سیکیورٹی کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔